کشمور: بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر کی خواتین کو جلد از جلد ڈائنامک سروے کروانے کی ہدایت

کندھ کوٹ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمختیاراحمداعوان) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈپٹی ڈائریکٹر صوفی سلامت بجارانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین نے اب تک ڈائنامک سروے نہیں کروایا لیکن باقاعدہ قسطیں وصول کر رہی ہیں، وہ فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی سنٹر جا کر اپنا سروے مکمل کروائیں۔ بصورت دیگر، یہ ان کے لیے آخری قسط ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پیغام کو ہر گاؤں اور قصبے تک پہنچایا جائے تاکہ ہماری تحصیل کندھ کوٹ کی خواتین اس مالی امداد سے محروم نہ رہیں۔ تمام افراد سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنے علاقوں میں اس بات کا اعلان کریں اور خواتین کو سروے کے لیے رہنمائی فراہم کریں تاکہ انہیں امداد کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے وضاحت کی کہ سروے کے دوران خواتین کو اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، بچوں کا بے فارم اور ایک فعال موبائل نمبر ساتھ لانا ضروری ہوگا تاکہ ان کا ڈائنامک سروے مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر خواتین نے سروے مکمل نہ کروایا تو ان کی قسطوں کی ادائیگی بند ہو جائے گی۔ خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ فوری طور پر بی آئی ایس پی کندھ کوٹ کے دفتر سے رابطہ کریں اور سروے کی کارروائی مکمل کروائیں تاکہ وہ حکومتی امداد سے مستفید ہوتی رہیں۔

یہ اقدام امدادی نظام کی شفافیت اور مستحق افراد کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔

Comments are closed.