کشمور ( باغی ٹی وی رپورٹ) کشمور کے نواحی علاقے بڈانی کے قریب مزاری پل پر قبائلی دشمنی کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بھٹو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو بچوں کے سامنے بےدردی سے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بڈانی کشمور لنک روڈ پر بنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان جاری خونی تنازعے کے نتیجے میں بنگوار برادری کے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان اللہ جیوایو ولد امان اللہ بھٹو کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ کشمور سے اپنے بچوں کے ہمراہ بڈانی واپس جا رہا تھا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتول کے ورثاء نے لاش کو اٹھا کر قریبی تھانے پہنچایا، جہاں ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان پرانا زمینی تنازعہ چلا آ رہا ہے، جو اب سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس دل خراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: