جلالپور پیروالا میں نجی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں مزید 2 لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ دو روز قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پیش آیا تھا جب ایک نجی کشتی میں 28 افراد سوار تھے۔ کشتی اچانک الٹنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 19 افراد کو زندہ بچالیا تھا، جبکہ ابتدائی طور پر 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 تک جا پہنچی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زندہ بچ جانے والے 2 افراد نے قریبی درختوں پر چڑھ کر اپنی جان بچائی تھی، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ دنوں سیلابی صورتحال کے باعث کشتیوں کے الٹنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اسی تناظر میں بہاولپور انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نجی کشتیوں کو تحویل میں لے کر انہیں سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے المناک واقعات سے بچا جاسکے۔