انڈونیشیا کے مشہور سیاحتی مقام، جزیرہ بالی کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک کشتی سمندر میں ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ درجنوں افراد کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب ایک بڑی کشتی، جس میں مجموعی طور پر 65 افراد سوار تھے، بالی کے ساحلی علاقے کے قریب اچانک سمندر میں ڈوب گئی۔ کشتی میں سوار افراد میں 12 عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور اب تک 23 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ تاہم 38 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مقامی نیوی، کوسٹ گارڈز اور امدادی ادارے مل کر تلاش و بچاؤ کی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی ڈوبنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر خراب موسم اور ممکنہ تکنیکی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشتی روانگی کے وقت سے ہی ہچکولے کھا رہی تھی اور عملہ بھی پریشان نظر آ رہا تھا۔ اچانک ایک زوردار آواز سنائی دی، جس کے بعد کشتی پانی میں جھکنے لگی اور تھوڑی ہی دیر میں مکمل طور پر الٹ گئی۔انڈونیشین حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے .

Shares: