رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے علاقے موضع نور والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ڈوب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار متاثرین محفوظ مقام کی جانب منتقل ہو رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں نکال لیں، تاہم 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب تحصیل لیاقت پور میں بند ٹوٹنے سے 16 دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 2 ہزار افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد گھر اور کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

علاوہ ازیں مظفر گڑھ میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے وسیع علاقے زیرِ آب آگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں پانی میں گھر گئیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ گندم، کپاس اور گنے کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔سیلابی صورتحال کے باعث مظفر گڑھ کے نشیبی علاقے پہلے ہی پانی میں گھرے ہوئے تھے کہ مزید شدید بارش نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا۔ کئی دیہات مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی فوری ضرورت ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Shares: