قصور،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) رائے ونڈ روڈ پر خوفناک حادثہ، وین نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

قصورمیں رائے ونڈ روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں 8 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک وین بے قابو ہوکر نالے میں جا گری۔

ریسکیو حکام کے مطابق، وین کھارا موڑ کے قریب نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 8 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وین میں سوار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

پولیس کے مطابق وین میں سوار افراد ایک شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواجہ سرا بھی شامل ہیں، جس سے یہ واقعہ مزید افسوسناک ہو گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مقصود، سنی، سلیم، عمران، لبا شامل ہیں، 3 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔ تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

Shares: