قصور: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پولیس والے بھی پکڑے گئے

قصور،باغی ٹی وی (بیوروچیف غنی محمود ) ضلع قصور میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائی میں تین ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2.2 کلوگرام ہیروئن، ایک ڈرون کیمرا اور دیگر اشیاء برآمد کی ہیں۔

پولیس کے مطابق، ملزمان بارڈر اسمگلنگ میں ملوث تھے اور انہوں نے ڈرون کیمرے کی مدد سے ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش کی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ریاض عرف ایاز میو، محمد ایاز میو اور مبشر کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے ساتھ ساز باز کرنے پر پولیس ایگل سکواڈ کے پانچ ملازمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان ملازمین پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزمان کو رشوت لے کر چھوڑ دیا تھا۔

ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں۔

Leave a reply