قصور (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) سی سی ڈی ٹیم پتوکی کی کامیاب کارروائی میں 03 مقدمات میں اشتہاری اور 19 وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ غلام دستگیر عرف دستگیری ولد رانا منگت، سکنہ خانکے موڑ پھولنگر کے طور پر ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر 5 سے 6 ڈاکو درخت رکھ کر شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اسی دوران سی سی ڈی ٹیم پتوکی نے خفیہ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ریڈنگ پارٹی تشکیل دی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ باقی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سی سی ڈی ٹیم نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی قصور نے اس موقع پر کہا کہ سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Shares: