قصور،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن لاہور عبدالسلام عارف کی زیر صدارت عیدالاضحٰی سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس
اسلام محبت،رواداری، اتفاق،اتحاد اور اخوت و یگانگت کا سبق دیتا ہے اس لیے تمام مسالک کو مکمل طور پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے :ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن لاہور عبدالسلام عارف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن لاہور عبدالسلام عارف کی زیر صدارت عیدالاضحی سے قبل تمام انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمران علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدعیسیٰ خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب، اسسٹنٹ کمشنر زسمیت متعلقہ اداروں کے افسران و ضلعی امن کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، سیکورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں عیدالاضحی کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے متعلق تفصیلاً بریف کیاگیا۔
ڈپٹی کمشنر عمران علی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھرمیں 8مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیںجہاں پر قربانی کے جانوروں کیلئے ٹینٹس‘پینے کے پانی‘جنریٹر سمیت دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں اس کے علاوہ منڈیوں میں شہریوں کیلئے پینے کے صاف پانی، پارکنگ، ٹائلٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے علاوہ دیگرکسی بھی جگہ پر قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت پر دفعہ 144کا نفاذ کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر ممکنہ سہولیات فراہم کررہی ہے۔ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن لاہور عبدالسلام عارف نے کہا کہ اسلام محبت،رواداری، اتفاق،اتحاد اور اخوت و یگانگت کا سبق دیتا ہے اس لیے تمام مسالک کو مکمل طور پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ہر قسم کی افرا تفری اور باہمی جھگڑوں سے بچا جا سکے۔ہمیں چاہیے کہ ہم اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں۔ امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے پوری کریگی۔تمام مسالک و مذاہب کے علمائے کرام اپنے خطبات میں معاشرے کو امن، محبت اور رواداری کا درس دیں۔ ڈی پی اومحمدعیسیٰ خاں نے بتایا کہ عیدقرباں کے پُرمسرت موقع پر سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔اس موقع پر ضلع بھر کے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی تجاویز دیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر سیکورٹی، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات کرنے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرقصور اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہااور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی طورپر دعا کی گئی