قصور: ماڈل بازار کے سامنے تجاوزات اور ٹریفک جام، عوام پریشان

قصور (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو سے) ماڈل بازار کے سامنے تجاوزات اور ٹریفک کی ابتری، عوام پریشان، انتظامیہ خاموش

تفصیل کے مطابق سردی کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی قصور کے شہریوں نے گرم کپڑوں اور دیگر حفاظتی سامان کی خریداری کے لیے ماڈل بازار کا رخ کر لیا ہے۔ جیکٹ، گرم کوٹ، جرسی اور جوگرز کی خریداری کے لیے شہریوں کا ہجوم نظر آتا ہے، تاہم اس بازار کے سامنے موجود غیر قانونی تجاوزات، سٹالز اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ سڑک پر بے ہنگم پارکنگ اور قبضہ مافیا کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور عوام ٹریفک جام کی وجہ سے شدید اذیت سے دوچار ہیں

عوام کی مشکلات اس وقت اور بڑھ جاتی ہیں جب انہیں یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار جن کی ذمہ داری عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، خود اس صورت حال سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔ کئی مقامات پر اہلکار سڑک کے کنارے محض تماشائی بنے ہوئے ہیں اور بعض کو تو اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھے یا دور کھڑے لوگوں کا حال دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس صورتحال میں شہریوں کی بے بسی اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بازار کے سامنے تجاوزات اور غلط پارکنگ کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے بلکہ روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ اور بالخصوص ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا نوٹس لیں اور فوری طور پر مؤثر اقدامات اٹھائیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یا تو اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے انجام دینے کی ٹریننگ دی جائے یا انہیں تبدیل کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس طرح کی مشکلات سے نجات مل سکے۔

انتظامیہ سے عوام نے اپیل کی ہے کہ شہر کی اہم سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے اور ٹریفک اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریوں پر کاربند کیا جائے تاکہ شہری بغیر کسی دشواری کے اپنی روزمرہ زندگی کا پہیہ جاری رکھ سکیں۔

Comments are closed.