قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد قصور کے ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 14 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ پانی کا بہاؤ 10 ہزار کیوسک سے بھی بڑھ گیا ہے۔ اس غیر معمولی اضافے نے دریائے ستلج کے کنارے آباد ولیے والا گاؤں کے لیے شدید خطرات پیدا کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ولیے والا گاؤں کا حفاظتی بند دو سال قبل ہی بہہ چکا تھا، جس کی وجہ سے گاؤں اس وقت قدرتی آفات کے سامنے غیر محفوظ ہے۔ حالیہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے ساتھ ہی امسال گاؤں کے دریا برد ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری طرف حکام نے آئندہ دنوں میں مزید پانی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور اس سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور دریائی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Shares: