قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو) بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے پاکستان کے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ آج کھڈیاں خاص، ضلع قصور میں ادا کی جائے گی۔

یہ روح پرور اجتماع کھڈیاں خاص کے ہائی سکول میں منعقد ہوگا، جہاں شہداء کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیرِ مملکت ملک رشید احمد خان، اور رکنِ صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان سمیت اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام، بیوروکریٹس، پولیس افسران اور ہزاروں شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔

نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے عوام اور حکام شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور ملکی سلامتی و امن کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔ یہ غائبانہ نماز جنازہ نہ صرف شہداء کی یاد کو تازہ کرے گی بلکہ قوم کے اتحاد و یکجہتی کی علامت بھی ثابت ہوگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ہماری بہادر افواج کے سپاہی قوم کے اصل ہیرو ہیں، جنہوں نے مادرِ وطن کی سلامتی اور بقاء کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کے لیے فخر کا باعث ہیں اور ہمیں ان پر ہمیشہ ناز رہے گا۔

Shares: