قصور: ٹریفک پولیس کے غیر قانونی چالان اور پرائیویٹ اکاؤنٹ میں رقم وصولی کا انکشاف

قصور،باغی ٹی وی(بیوروچیف غنی محمود) ٹریفک پولیس کے غیر قانونی چالان اور پرائیویٹ اکاؤنٹ میں رقم وصولی کا انکشاف

قصور شہر میں ٹریفک پولیس کے غیر قانونی چالان اور سرکاری فیس کی جگہ پرائیویٹ اکاؤنٹ میں رقم وصول کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار چالان کی فیس وصول کرنے کے باوجود کوئی رسید فراہم نہیں کرتے اور ادائیگی کا تقاضا کرنے پر بدتمیزی کرتے ہیں۔

ایک واقعے میں مقامی صحافی غنی محمود قصوری کے کزن حاجی قاسم نثار بھٹی نے بتایا کہ ان کی موٹر سائیکل میزان بینک بلھے شاہ روڈ قصور کے باہر پارک کی گئی تھی، جہاں سے ٹریفک پولیس کے لفٹر نے اسے اٹھا کر چوکی میں بند کر دیا۔ جب حاجی قاسم چوکی پہنچے تو انہیں 2000 روپے کا چالان تھما دیا گیا اور کہا گیا کہ رقم اہلکاروں کو ہی ادا کرنی ہوگی۔ شہری نے فیس بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانے کی درخواست کی، لیکن اہلکاروں نے رقم جمیل نامی شخص کے اکاؤنٹ میں منتقل کی اور کسی قسم کی رسید فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

شہریوں نے اس رویے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور ڈی پی او قصور، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات عوامی اعتماد کو متاثر کر رہے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔

Comments are closed.