قصور (طارق نوید سندھو سے)نجی میرج ہال کی سڑک پر ناجائز قبضے نے علاقہ مکینوں اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ناز سینما روڈ پر واقع سردار میرج ہال کی انتظامیہ نے پوری سڑک پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کر رکھا ہے جس سے ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے۔
علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، سی او میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ انچارج پیرا فورس قصور کو فوری نوٹس لے کر سڑک پر ناجائز قبضہ کو واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ناز سینما روڈ قصور پر واقع سردار میرج ہال کی انتظامیہ نے غنڈہ گردی اور اپنے اثرورسوخ کے باعث میرج ہال کے باہر کنکوڈیا کالج کی جانب جانے والی سڑک کے درمیان اور دونوں اطراف غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کر رکھا ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے اور علاقہ مکینوں سمیت گزرنے والی گاڑیوں اور راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکین اس سلسلے میں میرج ہال کی انتظامیہ سے کئی مرتبہ شکایت کر چکے ہیں کہ آپ کے میرج ہال کی اپنی پارکنگ بیسمنٹ میں موجود ہے، آپ گاڑیوں کی پارکنگ وہاں پر کروائیں۔ مگر وہ اپنے سیاسی اثرورسوخ کے باعث بدمعاشی پر اتر آتے ہیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، سی او میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ انچارج پیرا فورس قصور کو فوری نوٹس لے کر سڑک پر ناجائز قبضہ کو واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقہ مکین اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔









