قصور(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھوں کی رپورٹ) نواحی گاؤں منڈی عثمان والا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پیسے لینے آئی 45 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ دھکم پیل، گرمی اور حبس کے باعث خاتون کی حالت بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون میناں بی بی نواحی گاؤں پیال کلاں کی رہائشی اور چار بچوں کی ماں تھیں۔ یہ افسوسناک واقعہ گورنمنٹ ماڈل سکول میں اس وقت پیش آیا جب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد لینے کے لیے خواتین کا ہجوم جمع تھا۔ انتظامی ناکامی اور ناقص انتظامات کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں میناں بی بی جاں بحق ہو گئیں۔
یہ واقعہ حکومتی امدادی پروگراموں میں جاری غفلت اور بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں غریب خواتین امداد کے لیے جمع ہوتی ہیں، لیکن مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
مظفرگڑھ: بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر میں بھگدڑ، 50 سالہ خاتون جاں بحق
یاد رہے کہ چھ دن قبل بھی مظفرگڑھ میں اسی طرح کے واقعے میں 50 سالہ خاتون بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر خان گڑھ میں ناقص انتظامات کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔