قصور:پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ کمی اور ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے اضافہ، شہری تلملا اٹھے

قصور(باغی ٹی وی ،بیوروچیف غنی محمود)پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ کمی اور ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے اضافہ، شہری تلملا اٹھے

تفصیل کے مطابق گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اور چند پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا، جسے حکومت نے ایک بڑی ریلیف کی صورت میں پیش کیا۔ تاہم، اس کے ساتھ ہی ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے 99 پیسے فی کلو گرام کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس نے شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ماہ ستمبر کے لیے ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت 243 روپے 99 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف تو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ کم کر کے عوام کو خوش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور دوسری طرف ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کر کے عوام پر ایک اور بوجھ ڈال رہی ہے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کو عوام سے جھوٹی ہمدردی کا ڈرامہ بند کر دینا چاہیے۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ "ایک طرف تو ایک روپیہ کم کیا گیا ہے، اور دوسری طرف 7 روپیہ بڑھا دیئے گئے ہیں۔ یہ کونسا ریلیف دیا گیا ہے ہمیں؟”

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت عوام کا جینے کا حق چھین رہی ہے اور اپنی شاہ خرچیوں پر کوئی پابندی نہیں لگا رہی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ غریبوں پر رحم کھائے اور انہیں جینے کا حق دے۔

Leave a reply