قصور:چور گینگ کا سرغنہ گرفتار، 40 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد

قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو کی رپورٹ) پولیس نے الہ آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 40 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کی ہدایت پر تھانہ الہ آباد پولیس نے ایس ایچ او کی سربراہی میں کامیاب کارروائی کی۔ گرفتار ملزم کی شناخت استخار ولد طفیل کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ الہ آباد کا رہائشی ہے۔ ملزم استخار شہر کے مختلف علاقوں جیسے مین بازار، دکانوں، گھروں، شادی ہالز اور سکولز کے باہر سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے الہ آباد اور اس کے گرد و نواح سے 50 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر ارکان تک پہنچا جا سکے۔

ڈی پی او قصور کی جانب سے ضلع بھر میں موٹر سائیکل چور گینگز کے خلاف جاری خصوصی مہم میں یہ ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا خاتمہ اور چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی کو یقینی بنانا ہے۔

Comments are closed.