قصور ( باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)قصور کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بیٹے نے اپنی والدہ کو صرف اس وجہ سے قتل کر دیا کہ اس نے دوسری شادی کر لی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ صوبیہ بی بی نے حال ہی میں دوسری شادی کی تھی، جس پر اس کے بیٹے ذیشان کو شدید رنج اور غصہ تھا۔
رنجش اس حد تک بڑھی کہ ذیشان نے اپنی ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ گزشتہ روز ملزم نے صوبیہ بی بی کو کیلوں کی فصل میں بلا کر کلہاڑی کے پے در پے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کی اطلاع پر تھانہ صدر قصور پولیس فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔
پولیس نے ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ قتل کے محرکات اور مزید پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔








