کوٹ چھٹہ ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹر) تالپور اور لنڈ برادری کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں تالپور برادری کے دو افراد، باپ اور بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی مدد سے ٹیچنگ ہسپتال ٹراما سینٹر ڈیرہ غازی خان منتقل کیا گیا۔
تنازع کی جڑ گزشتہ سال ایک جوان کی لاش ملنے کا معاملہ تھا، جس پر لنڈ برادری نے تالپور برادری کے پانچ افراد پر ایف آئی آر درج کرائی۔ تاہم پولیس تحقیقات میں تمام ملزمان بے گناہ قرار پائے۔ علاقے کے معززین نے صفائی کے لیے روایتی طریقے "آگ پر چلنے” کا فیصلہ کیا، جس میں تیرہ افراد نے اپنی بے گناہی ثابت کی۔
اس کے باوجود لنڈ برادری نے معاملہ ختم نہ کیا اور آج قران خوانی سے واپسی پر سانول عرف بھٹو اور اس کے بیٹے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب میر محمد مرزا خان تالپور فوری طور پر ہسپتال پہنچے، زخمیوں کی عیادت کی اور برادری کو صبر اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی تلقین کی۔
تالپور برادری کے افراد بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچے، زخمیوں کی عیادت کی اور خون کا عطیہ دے کر ان کی جان بچانے میں کردار ادا کیا۔