اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف ابھی بھی 8 سے 9 مقدمات زیر سماعت ہیں اور وہ ابھی مکمل طور پر آزاد نہیں ہوئے۔سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ابھی صورتحال واضح نہیں ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ پارٹی کے فیصلہ ساز اور منصوبہ ساز کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پورے ملک کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ موجودہ نظام انصاف اب انصاف کا نظام نہیں رہا۔

انہوں نے کہا، "ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ آج پورا نظام کنٹرول میں ہے جو کہ عوام کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ زندہ قومیں ایسے حالات کا جواب دیتی ہیں۔”

Shares: