مزید دیکھیں

مقبول

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں اہم فیصلے:پھر سے پابندیوں کا امکان

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کیسز کی 10 فیصد مثبت شرح والے شہروں میں نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مجموعی صورتحال اور ویکسی نیشن کی رفتار پر غور کیا گیا۔ این سی او سی نے کرونا کیسز میں بتدریج اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

صوبوں نے این سی اوسی کو پابندیوں پر عملدر آمد اور ویکسی نیشن پر بریفنگ دی، این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاؤ کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، این سی اوسی نے کرونا وائرس کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں بھی سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت دیگر وزرائے تعلیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں اومی کرون کے بڑھتے پھیلائو پر مشاورت اور ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

این سی او سی اجلاس کے دوران ملک میں مارکیٹیوں ، شادی ہالز اور رش والی جگہوں پر ایس او پیز کے عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے پر غور کیا گیا جس کیلئے تازہ ترین ڈیٹا کے ساتھ کل اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کیسز کی 10 فیصد مثبت شرح والے شہروں میں نئی پابندیاں ہوں گی، نئی پابندیاں صوبوں کی مشاورت سے عائد ہوں گی۔