گجرات کے سرکاری ہسپتالوں کے لئے 91.4 ملین روپے کی ادویات خرید لی گئیں
گجرات(نمائندہ باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز، رورل ہیلتھ سنٹر ز اور بنیادی مراکز میں فراہمی کیلئے 91.4ملین روپے مالیتی ادویات کی خریداری مکمل، ان ہسپتالوں کی ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی شروع کر دی گئی ہے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران سرکاری ہسپتالوں میں بائیومیٹرک نظام کے تحت ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری یقینی بنائیں، غیر حاضر افسران و سٹاف کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر نے بریفنگ دی، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ایاز ناصر چوہان، ڈاکٹر محمد یوسف، ڈاکٹر زکریا، ڈی ڈی ایچ اوز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ مجموعی طور پر 124مختلف اقسام کی ادویات خریدی گئی ہیں، ہسپتالوں کو فراہمی سے قبل لیبارٹری ٹیسٹنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس یقینی بنائیں کہ ڈاکٹرز ادویات کے نام کی بجائے اسالٹ تجویز کریں اور مریضوں کو ادویات ہسپتالوں سے ہی فراہم کی جائیں، ایم ایس صاحبان ادویات کا سٹاک ختم ہونے سے مناسب وقت پہلے مجاز اتھارٹی کو آگاہ کریں، کسی ہسپتال میں سٹاک ختم ہونے کی صورت میں قریبی ہیلتھ مرکز سے فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ سٹاف سرکاری ہسپتالوں میں جن مسائل کی نشاندہی کریں انہیں 24گھنٹے میں حل کیا جائے، سی ای او ہیلتھ ٹی ایچ کیو سرائے عالمگیر میں ہفتے میں چار دن بے ہوشی کے ڈاکٹر کی دستیابی یقینی بنائیں، ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ میں فوری پیڈیا ٹریشن کی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، زچہ و بچہ کیلئے ایمبولینسوں کا موثر استعمال یقینی بنانے کیلئے شہریوں کو اس سروس بارے آگاہی فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے نارمل ڈلیوری کی تعداد میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ وزیر اعظم پورٹل، چیف منسٹر پورٹل پر موصول ہونیوالی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، سیٹزن فیڈ بیک کے تحت سو فیصد ڈیٹا اپ لوڈ کیا جائے اور شہریوں کی شکایات کا حل کیا جائے۔ اس سے قبل سی ای او ہیلتھ نے حکومت پنجاب کے مقرر کردہ اعشاریوں کے مطابق محکمہ صحت کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔