خیرپور: بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ پر تاریخی جلسہ، ہزاروں کارکنوں کی شرکت

خیرپور (مشتاق علی لغاری کی رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر خیرپور میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسہ نے نئی تاریخ رقم کردی۔ جلسے میں ہزاروں جیالوں نے شرکت کی اور جلسہ گاہ "بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم” کے نعروں سے گونج اٹھا۔ سابق ایم این اے و ضلعی صدر نواب علی وسان کی جانب سے منعقدہ اس تاریخی جلسے میں چیئرمین بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جب کہ شاندار آتش بازی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

جلسہ میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرہ کی شرکت کے ساتھ، نامور فنکاروں نے اپنے سریلے قومی گیتوں سے محفل کو مزید رنگین کر دیا۔ قدیمی اور تاریخی پھول باغ خیرپور عوام سے بھر گیا، جہاں جیالے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی خوشی میں رقص کرتے رہے۔ پیپلزپارٹی کے جھنڈوں اور برقی قمقموں نے جلسہ گاہ کو خوبصورتی سے سجا دیا۔

نواب علی وسان اور عاجز دھامرہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر سندھ کے ساتھ زیادتیاں بند نہ کی گئیں، تو عوامی عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ کے پانی یا حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو "دمادم مست قلندر” ہوگا۔

عاجز دھامرہ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وزارت خارجہ کے دور میں پاکستان کا عالمی امیج بہتر ہوا ہے اور ان کی قیادت اب ملک کے لئے ناگزیر بن چکی ہے۔ جلسے میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم کے طور پر دیکھنے کی خواہش ملک بھر میں پائی جاتی ہے۔

انہوں نے 9 مئی کے واقعات اور عمران خان کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا باب ختم ہو چکا ہے اور اب پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آج کا جلسہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے۔

جلسہ سے انجمن تاجران کے صدر لالا غفار شیخ، علی شیر مکول، میڈم شازیہ شاہ، سردار زاہد پھلپھوٹہ، عبداللطیف شیخ، منیر حسین منگی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Comments are closed.