اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )احمد پور شرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ منصوبہ 10 ماہ بعد بھی نامکمل، ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب،فنڈز کی عدم ادائیگی یا کمیشن کا چکر، مقامی افراد اور مسافر شدید مشکلات کا شکار،سڑک کی تاخیر سے ہزاروں طالب علموں اور ملازمین کو سفری مشکلات،سول سوسائٹی اور مقامی رہائشیوں کی کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے روڈ جلد مکمل کرنے کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ کا اہم منصوبہ گزشتہ 10 ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ فنڈز کی عدم ادائیگی یا کمیشن کے معاملات کی وجہ سے یہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جبکہ ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب ہو چکا ہے، جس سے مقامی افراد اور مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
6 سے 7 کلومیٹر کی یہ سڑک جو اڈا محمود شہید سے چوک بھٹہ اور کوٹلہ موسی خان تک خستہ حال تھی ابھی تک نہیں بنائی گئی۔ اس کے بجائے کوٹلہ موسی خان سے خیر پور ڈاہا تک صاف سڑک کو کارپٹ کیا گیا جس پر عوامی حلقوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ اڈا محمود شہید تا چوک بھٹہ اور کوٹلہ موسی خان کی سڑک کی مرمت نہ ہونے سے لوگ روزانہ مٹی، دھول اور گڑھوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
مسافروں، طلباء، اور ملازمین کو خاص طور پر سفری مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس راستے پر پٹرولنگ چوکی اور تعلیمی ادارے بھی واقع ہیں۔ سڑک کی بدحالی کے باعث پولیس کو بروقت رسپانس کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس روڈ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں۔