پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت کے جتنے بھی کیسز پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف بنائیں، ہم نے اپنے بانی چیئرمین عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑنا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ "ہم تین سال سے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، لیکن ہمارا عزم پختہ ہے کہ ہم اپنے قائد کا ساتھ ہر حال میں دیں گے۔ ہمیں اُمید ہے کہ ان شاء اللہ ہمیں انصاف ملے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "پی ٹی آئی کو دہشت گرد بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔” ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی ٹی آئی کو بدنام کیا جائے اور اس کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے جائیں تاکہ پارٹی کو عوامی حمایت سے محروم کیا جا سکے، لیکن پی ٹی آئی کا عزم جوں کا توں ہے۔
زرتاج گل نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے پی ٹی آئی کی جدوجہد جاری رہے گی اور ہم اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ "ہمارے خلاف جتنی بھی سازشیں کی جائیں، ہم اس کا مقابلہ کریں گے اور انشاء اللہ انصاف کا بول بالا ہوگا۔”
اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے، جنہوں نے زرتاج گل کی حمایت کی اور پارٹی کے موقف کو دہرایا۔