میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری)گھوٹکی کے علاقے خانپور مہر کے گاؤں احمد آباد میں ایک پرائمری اسکول کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے کئی معصوم طلبہ زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق کلاس میں مصروف تھے۔
تفصیلات کے مطابق اچانک چھت کا ایک حصہ گر گیا جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ ملبے تلے دب گئے۔ فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سماجی رہنماؤں نے اس واقعے کو محکمہ تعلیم کی شدید غفلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ یہ واقعہ اسکولوں کی بوسیدہ عمارتوں اور ان کی دیکھ بھال میں غفلت جیسے اہم مسائل کی طرف توجہ دلاتا ہے۔