بہت سال قبل ہمارے جاننے والوں کے گاؤں میں ایک “عورت” کے بارے میں پتا چلا جو رشتے کروانے یعنی میریج بیورو کا کام کرتی تھی۔ رشتے کروانے کے بدلے میں علاقے کے لوگ اس کو کچھ پیسے دیا کرتے تھے، کچھ رشتہ ریفر کرنے پر، اور مزید رشتہ ہو جانے پر۔
گاؤں والوں کے بقول حقیقت میں وہ عورت خنثی پیدا ہوئی تھی (جس کو عرف عام میں کھسرا یا خواجہ سرار کہہ دیا جاتا ہے)، اور اس کا زنانہ نام تھا۔ ظاہری طور پر بھی وہ سادہ سا لباس پہنتی تھی، جبکہ خنثی ہونے کی بنا پر ساری عمر شادی نہیں کروائی۔
البتہ مشاہدے میں جو بات آئی کہ وہ ایک عام لوگوں کی طرح نارمل شخصیت ہی سمجھی جاتی تھی۔ کوئی اس پر نہ تو طنز کرتا تھا اور نہ ہی مذاق بناتا تھا۔
اس کی بڑی وجہ یہ عورت خود تھی۔ نہ اس کو لوگوں سےتکلیف، نہ لوگوں کو اس سے تکلیف، نہ ہی اس کو رب سے گلہ۔
وہ "مظلوم” بنے پھرنے یا بیہودہ حرکات کرنے کی بجائے عزت کی روزی کماتی تھی۔ لیکن وہ خوبی ، اس کی وہ خصلت جو پوری دنیا کے بدکاروں اور بدکاروں کے حمایتیوں کے چہروں پر زناٹے دار تھپڑ تھی وہ تھی اس عورت کا ایمان۔
اس عورت نے میریج بیورو کے کام کے لیے لوگوں کے گھروں میں چکر لگا لگا کر جو حلال کی روزی کمائی ، اس روزی کو جوڑ جوڑ کر اس نے جو پیسے اکٹھے کیے ان پیسوں سے مسجد تعمیر کروا کر وقف کی۔
اندازہ کریں، کہ لوگوں کی نظر میں اس خنثی عورت کی کیا عزت تھی، اور اس خنثی عورت کی اپنے رب کے بارے میں کیا عقیدت تھی کہ اس نے اپنی کل متاع مسجد بنانے پر خرچ کی؟
نہ کوئی بیہودگی، نہ مظلومیت کا رونا، نہ ہی لوگوں کی طرف سے طنز، نہ ہی "حقوق حقوق” کی چیخ و پکار۔ اور نہ ہی رب کی بنائی گئی تقسیم پر شکوہ شکایت۔ ارے اس نے شکایت کیا کرنی تھی۔وہ تو رب کی رضا میں نہ صرف راضی تھی بلکہ اس نے تو مسجد بنا کر رب کو قرض دے دیا۔
اللہ سبحان و تعالٰی اس کی قبر کو منور فرمائے۔ اس کا چہرہ اس دن روشن رکھے جس دن بدکاروں کے چہرے کالے سیاہ ہوں گے۔
ہمارا رب عادل ہے۔ عدل پسند فرماتا ہے۔ دنیا میں آزمائش پر جس نے صبر کیا، ہمارا رب اس کو آخرت میں ایسا اجر عطا فرمانے والا ہے کہ جس پر سب رشک کریں گے۔
یہی ہماری روایت ہے، اور یہی ہمارا طریقِ معاشرت، اور یہی ہمارا ایمان۔
قدرتی طور پر کسی کا خنثی پیدا ہو جانا ایک نہایت ہی شاذ و نادر واقعہ ہوتا ہے۔ یعنی ایسا لاکھوں بچوں میں کوئی ایک ہوتا ہے۔ جب کہ ننانوے فیصد سے بھی زیادہ "خواجہ سرا” کہلانے والے لوگ پیدائشی خنثی نہیں ہوتے ، بلکہ اصل میں جعلی ہوتے ہیں، یعنی ان کی جنس مکمل مرد ہوتی ہے۔ یہ سب خنثی نہیں بلکہ ٹرانس جینڈر ہوتے ہیں، یعنی اپنی پیدائشی جنس کے برخلاف روپ دھارے پھرتے ہیں۔
کروڑوں کی آبادی میں چند درجن حقیقی خنثیوں سے ہمدردی کے بڑے بڑے دعوے، جبکہ حقیقت میں ان ہی خنثیوں کی شناخت کو ایکسپلائٹ کر کے بیچ کھانے والے ٹرانسجینڈرز اور پھر ان ٹرانسجینڈرز کے حمایتیوں کا مسلہ خنثیوں کے حقوق ہرگز نہیں ہے۔ ہرگز نہیں ۔
یہ خنثیوں کا عام انسانوں کی طرح سمجھنے کے قائل نہیں ۔ بلکہ یہ ٹرانس جینڈرز یعنی جعلی جنس اپنانے والوں کو عوام کے گلوں میں زبردستی اتارنے اور ان کو مقدس بنا کر پیش کرنے کے درپے ہیں۔
معاشرہ خنثیوں کو اپنی معاشرت میں نارمل انسانوں کی طرح سمونے کا قائل ہے۔ جبکہ آپ ٹرانسجینڈرز کی طرف دیکھیں تو کوئی ناچنے گانے، تھرکنے، موت کے کنویں میں نیم برہنہ چھاتیوں سے تماشبینوں کا دل لبھانے اور دعوتِ گناہ دینے والی مخلوق ہے، اور س کا اس بدکاری کے سوا زندگی میں کوئی کام نہیں ہوتا؟
Sexual objectification
یعنی ان انسانوں کو محض جنسی لذت اور بدکاری کی شناخت تک ہی محدود کرنے کا کام ایک روایتی معاشرہ نہیں ، بلکہ وہی بدکار لوگ کر رہے ہیں جو ان کے حقوق کے ٹھیکیدار بنے پھر رہے ہیں۔
اگر واقعی کسی کو خنثیوں کے حقوق کا غم کھائے جا رہا تھا تو ان خنثیوں کو معاشرے میں نارمل افراد کے طور دکھانے کا طریقہ کیا ہوتا؟ وہ یہ ہوتا کہ
مثلا:
۱۔ خنثی بزنس بھی کر سکتے ہیں
۲۔ خنثی نوکری پیشہ بھی ہو سکتے ہیں
۳۔ خنثی ڈاکٹر اور انجینیر بھی ہو سکتے ہیں۔
وغیرہ۔۔۔
لیکن اصل میں کیا ہو رہا ہے؟
اصل میں یہ واردات ڈالی جا رہی ہے کہ:
۱۔ دھوکے سے مخالف جنس اپنانے والے افراد یعنی ٹرانس جینڈرز کے بارے میں یوں تاثر دینا کہ جیسے یہ قدرتی خنثی ہیں۔
۲۔ پھر ٹرانس جینڈرز کے حقوق کا رونا رونا۔
۳۔ٹرانس جینڈرز سے جنسی تعلق کا فروغ (یعنی ہم جنس پرستی)
نتیجتاً ٹرانس جینڈرز کے شور میں حقیقی خنثی بیچارے کہیں گم ہو جاتے ہیں۔ یہ بالکل وہی صورتِ حال ہے کہ جیسے کسی فائئو سٹار ہوٹل میں منرل واٹر پی پی اور پیزے کھا کھا کر غریبوں سے ہمدردی پر کانفرس منعقد کرنا، اور دروازے پر کوئی بھوکا غریب مدد طلب کر لے تو اس کو دھتکار کر “دفع” کر دینا۔
یہ قدرتی خنثی بھی بیچارے وہی ہیں۔ ان کی شناخت کو بیچ کر کھا لیا گیا ہے۔
مسلم معاشرے کی روایت خنثیوں کو نارمل انسان سمجھنا ہے۔
جبکہ انسانیت کو مسخ کر کے رکھ دینے والی بدکاری کی منبع لبرل تہذیب خنثیوں کی شناخت کو ہائی جیک کر کے اس پر ان ٹرانس جینڈرز کا قبضہ کروا دیتی ہے جو خنثی ہوتے ہی نہیں، بلکہ پیدائشی مرد ہوتے ہیں۔
اور پھر ان ٹرانس جینڈرز کو “پیار کی مستحق “ قرار دے کر مردوں کے ساتھ اس کے جنسی تعلق کی راہ ہموار کرنے پر زور لگایا جاتا ہے۔ (یعنی ہم جنس پرستی)
اسی لیے ان کے میڈیا میں، ان کے احتجاجوں میں، ان کے ڈراموں اور فلموں میں سارا زور اس بات پر ہوتا ہے کہ کسی مرد کو کسی ٹرانس جینڈر عورت (جو کہ حقیقت میں ایک مرد ہی ہے) سے پیار ہو سکتا اور وہ اس سے جنسی تعلق قائم کر سکتا ہے۔ اور یہ سب شیطانی کھیل پوری دنیا میں پائے جانے والے چند سو یا ہزار خنثیوں کے نام پر کھیلا جا رہا ہے۔
وہی خنثی جو خود ایک جنسی پراڈکٹ کی بجائے عزت کی زندگی گزارنے کے خواہش مند ہیں۔ بالکل ایسے ہی جیسے کوئی بھی عزت نفس رکھنے والا جسمانی معذور شخص یہ گوارا نہیں کرتا کہ اس کو معذور سمجھا جائے اور اس پر ترس کھایا جائے۔