راولپنڈی کے نواحی علاقے چونترہ میں وائلڈ لائف حکام نے کارروائی کرتے ہوئے کتوں کے ذریعے خرگوش کے غیرقانونی شکار میں ملوث 19 افراد کو حراست میں لے لیا۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جہاں ملزمان جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شکار میں مصروف تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کی گئی اور قانون کے مطابق ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ تاہم ملزمان نے ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے سے انکار کر دیا، جس پر وائلڈ لائف حکام نے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چونترہ منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق تھانہ چونترہ پولیس نے ملزمان کو باضابطہ حراست میں لینے سے انکار کر دیا اور معاملے میں چالان جاری کرنے کی سفارش کی۔ اس دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب ملزمان نے احتجاج کرتے ہوئے پنجاب وائلڈ رینجرز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔ گاڑی میں خواتین افسران بھی موجود تھیں، جس پر وائلڈ لائف حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔وائلڈ لائف حکام نے واضح کیا ہے کہ جنگلی حیات کا غیرقانونی شکار ناقابلِ ضمانت جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

Shares: