لاہور میں شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھوکہ دینے والا گروہ آخرکار قانون کی گرفت میں آ گیا۔ پولیس نے گروہ کے سرغنہ شہباز کو گرفتار کر لیا ہے، جو خود کو خریدار ظاہر کرکے لوگوں کو قیمتی اشیاء سے محروم کر دیتا تھا۔
ملزم شہباز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قیمتی موبائل فونز، موٹرسائیکلوں اور دیگر اشیاء کے فروخت سے متعلق اشتہارات تلاش کرتا تھا۔ وہ مالک سے رابطہ کرکے خود کو سنجیدہ خریدار ظاہر کرتا، اور چیز چیک کرنے کے بہانے ملاقات طے کرکے موقع سے اشیاء لے کر فرار ہو جاتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے جعلی نمبر پلیٹ والی لگژری گاڑی، چار قیمتی موبائل فونز اور اسلحہ برآمد ہوا۔ابتدائی تفتیش میں ملزم نے لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق وہ اپنی وارداتوں میں جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کا استعمال کرتا تھا تاکہ شناخت نہ ہو سکے۔
حکام کے مطابق، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ جلد باقی ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی خرید و فروخت کے دوران احتیاط برتیں اور ذاتی ملاقات میں اشیاء دکھانے یا دینے سے گریز کریں، خاص طور پر تنہائی میں۔ اس قسم کی وارداتوں سے بچنے کے لیے پولیس سے مدد لینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔