رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری

گھروں میں بھی عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور: رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر آج خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری ہے۔

باغی ٹی وی: طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلۃ القدر ہوسکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار راتوں سے بہتر ہوتا ہے، افضل ترین رات یعنی ‘لیلۃ القدر’ کی تلاش میں مسلمان شب بیدار ی اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے،لیلۃ القدر عربی زبان کا لفظ ہیں، لیل کے معنی ’’رات‘‘ اور قدر کے معنی ’’بزرگی اور بڑائی‘‘ کے ہیں، لیلۃ القدر یعنی بڑائی اور بزرگی والی رات ہے ۔ امام زہریؒ فرماتے ہیں کہ یہ رات باقی راتوں کے مقابلے میں شرف ومرتبے کے لحاظ سے بہت بلند ہے، اسی لیے اسے لیلۃ القدر کہتے ہیں۔ اس رات کو شب قدر کے نام سے تعبیر کرنے کی وجہ یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ اس رات میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید حضورﷺ کی معرفت نازل فرمائی۔ یہی وجہ ہے کہ سورۃ القدر میں لفظ ’’قدر‘‘ تین مرتبہ آیا ہے۔(تفسیر کبیر)

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی رمضان کی 27 ویں شب ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں ختم قرآن مجید کی سعادت حاصل کی گئی ،ملک بھر کی مساجد میں 27 ویں شب پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ گھروں میں بھی عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں روح پرور مناظر دیکھے گئے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور نمازیوں نے شرکت کی۔ شب قدر کی تلاش میں قیام اللیل اور نوافل کی ادائیگی کی گئی۔

Comments are closed.