لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پولیس نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے خاتون شہری سے اسلحہ کے زور پر گاڑی چھیننے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان احتشام اور فاروق نے واردات کے دوران انتہائی مکاری سے منصوبہ بنایا۔ دونوں ملزمان نے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر خاتون کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری۔ جب متاثرہ خاتون صورتحال دیکھنے کے لیے گاڑی سے باہر نکلیں تو ایک ملزم فوراً گاڑی میں بیٹھ گیا اور پستول دکھا کر خاتون کو ڈرا دھمکا کر گاڑی لے اڑا۔واردات کی یہ منظر کشی قریبی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی جس کی مدد سے پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 300 سے زائد سیف سٹی اور لوکل کیمروں کی فوٹیجز کا تجزیہ کیا اور بالآخر دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کارروائی کے دوران چھینی گئی ٹویوٹا کرولا گاڑی، نقدی، پستول، گولیاں، بمہ اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ مزید تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم فاروق سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مزید مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔لاہور پولیس نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او عامر شہزاد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد بھی عطا کیں۔ شہریوں نے پولیس کی یہ کامیاب کارروائی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فوری اقدامات عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں۔








