بہار کے ضلع اورنگ آباد میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں شادی کے صرف 45 دن بعد ایک 25 سالہ نوجوان پرینشو کو مبینہ طور پر اس کی بیوی گُنجا دیوی نے اپنے ماموں اور دو شوٹرز کی مدد سے قتل کروا دیا۔ یہ واقعہ مئی میں پیش آئے میگھالیہ کے "ہنی مون مرڈر” کی یاد تازہ کر دیتا ہے جس نے ملک بھر میں سنسنی پھیلا دی تھی۔

پولیس کے مطابق گُنجا دیوی، جو کہ خود بھی بیس کی دہائی میں ہے، اپنے 55 سالہ ماموں جیون سنگھ کے ساتھ تعلقات میں تھی۔ دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن خاندان کی مخالفت کے باعث گُنجا کی شادی زبردستی پرینشو سے کر دی گئی، جو نوبی نگر تھانہ حلقے کے باروان گاؤں کا رہائشی تھا۔ضلع کے ایس پی امریش راہول کے مطابق، "25 جون کو پرینشو اپنی بہن سے مل کر ٹرین کے ذریعے واپس لوٹ رہا تھا اور نوبی نگر اسٹیشن پہنچ کر اس نے گُنجا کو فون کیا کہ کوئی موٹر سائیکل پر لینے آجائے۔””جب وہ اسٹیشن سے گھر کی طرف آ رہا تھا تو راستے میں دو افراد نے اسے گولی مار کر قتل کر دیا،”

پولیس تفتیش کے دوران گُنجا دیوی کی مشکوک سرگرمیوں پر پرینشو کے اہل خانہ کو شک ہوا، خاص طور پر جب وہ گاؤں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ پولیس نے جب گُنجا کے موبائل فون کی کال ہسٹری کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ مسلسل اپنے ماموں جیون سنگھ سے رابطے میں تھی۔ جیون سنگھ کی کال ہسٹری سے بھی انکشاف ہوا کہ وہ دونوں شوٹرز کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں تھا۔سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گُنجا دیوی اور دونوں شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ جیون سنگھ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ واقعہ اس سے قبل پیش آئے میگھالیہ کے ہنی مون مرڈر کیس سے کافی مماثلت رکھتا ہے، جہاں سونم نامی خاتون نے اپنے شوہر راجا رگھوونشی کو اپنے عاشق راج کوشوا اور تین دیگر افراد کی مدد سے قتل کر دیا تھا۔ اُس کیس میں تمام ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Shares: