لاہور کے علاقے بادامی باغ میں ایک خاتون پر سابق شوہر نے سرعام بازار میں تشدد کیا، جس کی اطلاع خاتون نے فوری طور پر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو دی۔ سیف سٹی کے ترجمان کے مطابق، خاتون نے 15 پر کال کر کے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو اپنی شکایت کی اور پولیس نے فوری کارروائی شروع کر دی۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کے سابق شوہر نے پرانی رنجش کی بنا پر بازار میں اس پر تشدد کیا۔ خاتون کے مطابق، اس کی 2 سال قبل طلاق ہو چکی تھی، لیکن اس کے سابق شوہر کی جانب سے اسے مسلسل ہراساں اور دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔سیف سٹی کے ترجمان نے کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملتے ہی قریبی تھانے کی پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ سیف سٹی کی نگرانی کے تحت ریکارڈ کیا گیا، جس کی مدد سے پولیس نے فوری طور پر ملزم کو ٹریک کر کے گرفتار کیا۔

ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن ایک جدید نظام ہے جس کا مقصد خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسانی کے واقعات پر فوری ردعمل دینا ہے۔ اس اسٹیشن کے ذریعے خواتین کسی بھی قسم کے تشدد یا ہراسانی کی شکایت سیف سٹی کے ذریعے فوری طور پر پولیس تک پہنچا سکتی ہیں، جس سے انہیں فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔اس واقعہ کے بعد شہریوں نے اس نظام کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے خواتین کو اپنے حقوق کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

Shares: