مفت آٹے کی تقسیم کے دوران پنجاب میں مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے
پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 60 سالہ خاتون کی موت ہو گئی ہے، خاتون مفت آٹا لینے کے لئے سرکاری پوائنٹ پر آئی تھی کہ اچانک بھگدڑ مچنے سے اپنا توازن کھو بیٹھی اور گر کر زخمی ہو گئی بعد ازاں خاتون کی موت ہو گئی،
تحصیل جتوئی میں آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے دوران بزرگ خاتون کی ہلاکت کا معاملہ ، ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی مرنے والی خاتون زہرہ بی بی کے گھر بستی عارف پہنچ گئے،لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کروائی کہ زہرہ بی بی کی موت کے حوالے سے ذمہ داروں کے تعین کے لئے غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں گی.
دوسرا واقعہ پنجاب کے شہر بھکر میں پیش آیا جہاں 66 سالہ شخص کی موت ہو گئی، ڈی سی بھکر موقع پر پہنچنے اور انہوں نے تحقیقات کا اعلان کیا کہ انکوائری کروائی جائے گی کہ اس شخص کی موت کیسے ہوئی، تا ہم مفت آٹے کے حصول کے لئے شہریوں کی لمبی لائنیں ، اموات میں اضافہ اور پھر پولیس کی جانب سے کئی مقامات پر شہریوں پر تشدد کے واقعات بھی دیکھنے کو ملے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ مفت آٹا دینا ہے تو باعزت طریقے سے شہریوں کو دیا جائے چہ جائیکہ انکی تذلیل کی جائے،
عامرمیر نے مری میں قائم مفت آٹا پوائنٹ کا دورہ کیا
مفت آٹے کی ذلت آمیز دستیابی نے نااہلی کے پول کھول دیے، خالد مسعود
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آج پنجاب کے شہر سرگودھا کے دورے کے دوران مفت آٹے کی تقسیم کے مرکز کا جائزہ لیا اور مستحق افراد میں مفت آٹا تقسیم بھی کیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو مہنگائی کے دور میں آٹے کے 3 تھیلے مفت ملنا عبادت ہے سرگودھا میں 3 مراکز کا دورہ کیا مفت آٹے کی تقسیم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہےعوام کی دعاوں سے ملک معاشی مشکلات سے نکل کر آگے بڑھے گا