بھارت میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں،گروگرام سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک معروف نجی اسکول میں غیر ملکی زبان پڑھانے والی خاتون ٹیچر کے ساتھ مبینہ طور پر چار افراد نے اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکم اکتوبر کی رات پیش آیا، جب ملزمان نے خاتون کو ایک فلیٹ میں بلا کر سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔

متاثرہ خاتون نے جمعرات کے روز وومن پولیس اسٹیشن ایسٹ میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کو چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت گورو، نیرج، ابھیشیک، اور یوگیش کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کی ملزم گورو سے گزشتہ سال ستمبر میں ایک پارٹی کے دوران ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان جان پہچان بڑھ گئی۔ یکم اکتوبر کی رات گورو نے خاتون کو فون کرکے اپنے دوست کے کمرے میں آنے کا کہا۔ ابتدائی طور پر وہ اکیلا تھا، مگر کچھ دیر بعد اس نے اپنے دیگر تین دوستوں کو بھی وہاں بلالیا۔تحقیقات کے مطابق، گورو نے پہلے خود متاثرہ خاتون کی عصمت دری کی، پھر اپنے دوست نیرج کو بلایا، جس نے بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ اس کے بعد دونوں نے اپنے دیگر دوستوں ابھیشیک اور یوگیش کو بھی موقع پر بلایا، جنہوں نے مل کر اجتماعی زیادتی کی۔ جرم کے بعد چاروں ملزمان متاثرہ خاتون کو وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔اگلے روز، یعنی 2 اکتوبر کو متاثرہ خاتون نے اپنے اہلِ خانہ کو سارا واقعہ بتایا اور پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پیشے کے اعتبار سے جم ٹرینر اور زومبا انسٹرکٹر ہیں، اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جاچکا ہے، جس کی رپورٹ پولیس تفتیش کا حصہ بنائی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ ملزمان کے موبائل فون اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ کو مکمل تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق، واقعے کے انکشاف کے بعد اسکول انتظامیہ نے پولیس سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Shares: