اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لبرلز ہندوتوا کے زیر تسلط بھارت میں اپنے وجود کو جائز ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھارتی مصنف اور شاعر جاوید اختر سے متعلق طنزیہ پوسٹ کی ہے،خواجہ آصف کی پوسٹ میں شامل ویڈیو کلپ بھارت میں ہوئے ایک مباحثے کا ہے جس میں ایک مسلمان عالم دین کو انہیں لاجواب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ حقائق اور دلائل کے ساتھ جواب دیا جائے تو بھارتی لبرلز کے پاس محض شور کے کچھ باقی نہیں رہتا، لبرلز ہندوتوا کے زیر تسلط بھارت میں اپنے وجود کو جائز ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بھار ت میں ایسے نام نہاد لبرلز کو لوگ کرائے پر رہائش تک دینے تک کو تیار نہیں۔
https://x.com/KhawajaMAsif/status/2002407793530122537?s=20
واضح رہے کہ جاوید اختر اکثر و بیشتر پاکستان مخالف بیانات دیتے رہتے ہیں،رواں سال مئی میں ایک انٹرویو میں جاوید اخترکا کہنا تھا کہ پاکستانی کہتے ہیں کہ میں جہنم میں جاؤں گا اور بھارتی مجھے جہادی کہتے ہیں، کہتے ہیں پاکستان چلے جاؤ، اگر مجھے پاکستان اور جہنم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو میں جہنم کا انتخاب کروں گا،بھارتی مصنف کا یہ بیان تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس کے بعد پاکستانی عوام اور شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔








