اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان، شہباز شریف نے وفاقی وزیر اور سینئر کابینہ رکن خواجہ آصف کو دھمکی دینے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ "میں خواجہ آصف کے خلاف اس دھمکی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ یہ وحشیانہ رویہ کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں ہے۔”شہباز شریف نے کہا کہ "سیاسی مقصد کے تحت کھلے عام چھری کے حملے کی دھمکی دینا مجرمانہ ارادے کو ظاہر کرتا ہے اور اس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔” جو بھی اس دھمکی کے پیچھے ہے، اسے فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔انہوں نے برطانوی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ اس سنگین واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ لندن میں وزیر دفاع خواجہ آصف کو گالیوں اور چاقو حملے کی دھمکیوں کی ویڈیو منظر عام پرآئی تھی،لندن گراؤنڈاسٹیشن پر نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں چاقو حملے کی دھمکی دی تھی،خواجہ آصف کے قریبی ذرائع نے واقعےکی تصدیق کی ہے،
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان بھی سامنے آیا ہے، خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ وہاں کیمرا بھی لگا ہوا تھا، میں دھمکی دینےوالے کو نہیں پہچانتا، دھمکی دینے والے واقعےکو رپورٹ کرانے کا پراسیس چل رہا ہے
علاوہ ازیں لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف مرد مجاہد ہیں جہاں کھڑے ہو جاتے ہیں پھر بیٹھتے نہیں، خواجہ آصٖف نے ہمیشہ ہرصورتحال کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، خواجہ آصٖف کو کالج کے زمانے سے جانتا ہوں، جن لوگوں نے خواجہ صاحب کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں یہی ہے، لوگوں کے پیچھے بھاگنا ، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔
لندن میں موجود جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی خواجہ آصف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کی ہے.








