اجمیر شریف :بھارت میں نمایاں ترین مساجد اور مزارات کو مندر قرار دینے کے لیے انتہا پسند ہندوؤں کا پروپیگنڈا جاری ہے،انتہا پسند ہندوؤں نے خواجہ غریب نواز کے مزار کو بھی نشانے پر لے لیا ہے-
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کی ایک عدالت نے انتہا پسند ہندو گروپوں کی طرف سے دائر کی جانے والی پٹیشن پر اجمیر کی مرکزی درگاہ کے حوالے سے ایک نوٹس جاری کیا ہے۔
1911 میں شائع ہونے والی ایک کتاب کی بنیاد پر دعوٰی کیا جارہا ہے کہ جہاں اس وقت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کا مزار ہے وہاں کبھی شیو کا مندر تھا اور مندر کو گراکر اُس کے ملبے کی مدد سے مزار تعمیر کیا گیا۔
ہندو انتہا پسند گروپوں کا کہنا کہ اس وقت جہاں مزار واقع ہے وہاں شیو مندر ہوا کرتا تھا اس لیے وہاں ہندوؤں کو پوجا کی اجازت دی جائے ہندو سینا کے صدر وشنو گپتا کی دائر کی ہوئی پٹیشن پر سول جج من موہن چنڈیل نے بدھ کو سماعت کی،اس مقدمے کو ”بھگوان شری سنکٹ موچک مہا دیو وِراجمان بنام درگاہ کمیٹی“ کا عنوان دیا گیا ہے، پٹیشن ستمبر میں دائر کی گئی تھی بنیادی دعوٰی یہ ہے کہ مندر کو گرا نے کے بعد اُس کا ملبہ مزار کی تعمیر میں استعمال کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل رام سوروپ بشنوئی نے ریٹائرڈ جج ہروِلاس شاردا کی 1911 کی کتاب ”اجمیر: ہسٹاریکل اینڈ ڈِزکرپٹیو“ کا حوالہ دیا ہے کتاب میں الزام لگایا گیا تھا کہ ہندوؤں کے مندر کے ملبے سے مزار تعمیر کیا گیا، کیس میں آرکیولوجیکل سروے آف انڈیا کو بھی فریق بنایا گیا ہے عدالت نے مذہبی امور کی مرکزی وزارت، آرکیولوجیکل سروے آف انڈیا اور درگاہ کمیٹی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں اگلی سماعت 20 دسمبر کو ہوگی-
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ درگاہ کی حدود میں ایک شیو لنگم بھی ہوا کرتا تھا جس کی پوجا برہم کمیونٹی کرتی تھی، مزید یہ کہ درگاہ کے ڈھانچے میں ایک جین مندر کے آثار بھی شامل کردیئے گئے مندر کے اجزا بلند دروازے کی تعمیر میں استعمال کیے گئے۔