مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ملاقات کی اور ان میں مالی معاونت کے لیے چیکس تقسیم کیے۔
تقریب میں میڈیا نمائندے اور مقامی افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تاہم چیکس کی تقسیم سے قبل خواجہ سعد رفیق نے وہاں موجود میڈیا اور کیمروں کو بند کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ امداد کے موقع پر تصاویر اور ویڈیوز بنانا مناسب نہیں کیونکہ اس سے متاثرہ خاندانوں کے وقار کو ٹھیس پہنچتی ہے۔خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا "ہم نے ایک دوسرے سے بات کرلی ہے اور اپنے دکھ درد بانٹ لیے ہیں۔ لیکن میری گزارش ہے کہ جب چیکس تقسیم ہوں تو اس دوران تصاویر نہ بنائی جائیں۔ یہ متاثرین کے لیے ایک حساس لمحہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔”
https://x.com/KhSaad_Rafique/status/1964869067657105820
سیلاب متاثرین نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دی گئی اس مالی معاونت کو سراہا اور خواجہ سعد رفیق کی اس ہدایت کو مثبت قرار دیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کا ایسے مواقع پر دکھاوے کے بجائے حقیقی مدد فراہم کرنا متاثرین کے حوصلے بلند کرتا ہے۔ باجوڑ اور گردونواح میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں، جن کی بحالی کے لیے حکومت اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما سرگرم ہیں۔