سینئیر صحافی خاور حسین کے اہلخانہ امریکا سے کراچی پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق خاور کے بھائی والد اور والدہ جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے،خاور حسین کے والد رحمت حسین باجوہ، ان کی والدہ اور بھائی کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ حیدرآباد کے لیے روانہ ہوگئے، وہ میت لے کر سانگھڑ جائیں گے، خاور حسین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر عید گاہ گراؤنڈ سانگھڑ میں ادا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق خاور کے والد کا کہنا ہے وہ خود اپنے آپ کو گولی نہیں مار سکتا، یہ ایک قتل ہے انہوں نے کہا کہ خاور بہت دلیر انسان تھا، ہمارا کسی سے کوئی تنازعہ یا جھگڑا نہیں تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ضلع سانگھڑ سے صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی تھی، جس پر صحافتی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھابعد ازاں خاور حسین کی موت کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی تھی،کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) آزاد خان کریں گے، جب کہ کمیٹی ممبران میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) غربی عرفان بلوچ، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عابد بلوچ شامل ہیں،تحقیقاتی کمیٹی پراسرار موت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو پیش کرے گی۔

حیدر آباد میں صحافی خاورحسین کی میت ہلال احمر سرد خانے سے سول ہسپتال منتقل کی گئی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دیا گیا میڈیکل بورڈ میت کی جانچ کرے گا،میڈیکل لیگل آفیسر (ایم ایل او) ڈاکٹر وسیم سمیت ٹیم کے دیگر ارکان میت کی جانچ کریں گے، خاور حسین کے والد اور والدہ سمیت بھائی اعجاز بھی سول ہسپتال میں موجود ہیں۔

Shares: