کرناٹک کے دارالحکومت بینگلورو کے علاقے بی ٹی ایم لیاؤٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص نے ایک خاتون کو سرِ عام جنسی طور پر ہراساں کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

یہ واقعہ علاقے میں نصب ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو خواتین ایک تنگ گلی میں پیدل چل رہی ہیں۔ گلی سنسان دکھائی دیتی ہے اور ایک طرف کئی گاڑیاں کھڑی ہیں۔ اسی دوران ایک شخص پیچھے سے آ کر اچانک ان میں سے ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرتا ہے اور فوراً موقع سے بھاگ نکلتا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد دونوں خواتین وہاں سے چل دیتی ہیں۔پولیس کے مطابق اب تک واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کی گئی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اگر متاثرہ خاتون خود شکایت درج نہیں کرواتی، تو وہ از خود کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرے گی۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد عوام میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شہریوں نے اس واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا مکروہ فعل کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بڑے شہروں میں بھی خواتین خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتیں، اور عوامی مقامات پر بھی جنسی ہراسانی جیسے سنگین جرائم روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔

Shares: