بہاولپور کے علاقے گوٹھ محراب میں خزانے کی تلاش کے دوران پولیس نے کراچی سے آنے والی ایک خاتون اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، خاتون اور اس کے ہمراہ افراد نے مقامی مزار یتیم شاہ کے مقام پر غیر قانونی کھدائی کی کوشش کی، جس کا مقصد مبینہ طور پر خزانہ تلاش کرنا تھا۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ انہیں اپنے علم اور معلومات کی بنیاد پر یقین تھا کہ اس جگہ خزانہ دفن ہے، اس لیے وہ یہاں پہنچی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کے ساتھیوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر مزار کی قبروں کے پاس کھدائی شروع کر دی تھی، جو مقامی لوگوں کی شدید ناراضگی اور احتجاج کا باعث بنی۔علاقہ مکینوں نے قبروں کے پاس غیر قانونی کھدائی کو مذہبی جذبات کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خزانے کی تلاش کے نام پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی کھدائی برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوام کو بھی اس قسم کی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رہے،مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تہہ تک پہنچا جا سکے۔

Shares: