ضلع خیبر میں آپریشن ،داعش کا دہشتگرد ہلاک
ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے ہائی پروفائل دہشت گرد کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں داعش کے دہشتگرد سورت گل عرف سیف اللّٰہ کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کمانڈر سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، علاقے میں موجود دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کمانڈر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، بھتا خوری اور متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔