پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر خدمت خلق کمیٹی متحرک ہے، متاثرین میں خوراک ،امدادی اشیا کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ،آندھی،بارش یا دیگر قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہیں،ایسے حالات میں متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے،کارکنان خدمت خلق کے جذبے سے متاثرین کی مدد کریں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق کے چیئرمین شفیق الرحمان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شفیق الرحمان نے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار خدمت خلق کے کاموں میں مصروف عمل ہیں، شہریوں کو پانی سے نکالنا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے رضاکار کام کر رہے ہیں،راولپنڈی میں نالے میں بہہ جانے والے کرنل ر اسحاق اور انکی بیٹی کی لاش کی تلاش میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار پیش پیش تھے، والد کی لاش مل چکی ہے لیکن بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بارش ایک قدرتی رحمت ہے، لیکن ناقص منصوبہ بندی، نالوں کی صفائی میں غفلت، اور بلدیاتی نظام کی بدانتظامی نے اسے عوام کے لیے زحمت بنا دیا ہے،حکومتوں کی طرف سے دعووں کے باوجود ہر سال معمولی بارش پر شہروں کا ڈوب جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسائل کا حل صرف اعلانات سے ممکن نہیں،

خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے دنوں میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، اور ریسکیو اداروں سے تعاون کریں۔

Shares: