پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد اگلی سیریز میں بریک لینے کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ عہدیدار قومی کرکٹرز کی حالیہ کارکردگی سے سخت ناخوش ہیں اور اس وجہ سے بعض کھلاڑیوں کو اگلے میچز میں جگہ سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ نیوزی لینڈ میں 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جانے والی وائٹ بال سیریز ہے، جس میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں۔ یہ سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، لیکن اس دوران کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے سخت ناراضگی کا سامنا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض سینئر کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کی بنا پر سیریز سے دستبردار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ انہیں ڈراپ ہونے کے لیبل سے بچایا جا سکے۔ بعض کھلاڑیوں کے بارے میں یہ چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ نیوزی لینڈ کے دورے سے خود کو باہر کر سکتے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی پر مزید سوالات نہ اٹھیں۔خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور بابر اعظم کے نام ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں ڈراپ کیے جانے کی بازگشت سنی جا رہی ہے۔ ان کھلاڑیوں کی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی، اور اسی وجہ سے ان کے بارے میں شکوک و شبہات کا سامنا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس دوران پاکستان کی ٹیم نے ان دونوں میچز میں اپنی ناقص کارکردگی کے باعث شائقین کرکٹ کو مایوس کیا ہے۔اب تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ کون سے کھلاڑی اگلے دورے کے لیے دستیاب ہوں گے، لیکن یہ واضح ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت اور بورڈ میں اس حوالے سے سخت فیصلے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔








