مزید دیکھیں

مقبول

خطے میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو صدر مملکت نے سراہا

خطے میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو صدر مملکت نے سراہا
پاکستان بحریہ کی 112 ویں مڈ شپ مین اور 21 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں منعقد ہوئی۔ کمیشننگ ٹرم81 پاکستانی اور 53 دوست ممالک کے مڈ شپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کے65 کیڈٹس بشمول 07 خواتین کیڈٹس پر مشتمل تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کمیشننگ ٹرم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ وہ عصر حاضر کی جدید جنگی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہیں اور اپنے آباءکی شاندار روایات کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھائیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو قائد اعظم کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور ملکی دفاع کے حوالے سے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کوشاں رہنے کی بھی ہدایت کی۔ خطے میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں برادر ممالک کے کیڈٹس کی تربیت نہ صرف ان ممالک سے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ہے بلکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشوں کے بارور ہونے میں بھی اہمیت کی حامل ہے۔

مہمان خصوصی نے مسلح افواج کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے قوم کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا اور مخالفین کی طرف سے درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف قومی خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کی فاشسٹ حکومت کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ اور حق پر مبنی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور عامر محمود نے افسران کی تربیت کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ بحرین ، اردن ، فلسطین ، قطر اور سعودی عرب کے کیڈٹس اس وقت پاکستان نیول اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ملک کی سا لمیت ، عزت اور مفاد کو اولین اور اہم رکھیں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین میں انعامات تقسیم کئے۔ 2011-A کے لیفٹیننٹ محمد سیاف پاشا،2012-B کے لیفٹیننٹ نصر اللہ اور 2013-A کے لیفٹیننٹ شامل علی خان نے قائد اعظم گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مڈشپ مین نوید احمد نے اعزازی شمشیرجبکہ مڈ شپ مین محمد عمر نے” اکیڈمی ڈرک”جیتی۔ آفیسر کیڈٹ عبدالرحمان نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل ، بحرین کے آفیسر کیڈٹ عیسی دواجی خلیفہ الموسی الدوسیری نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل اور شارٹ سروس کورس کی آفیسر کیڈٹ انشال جاوید نے کمانڈنٹ گولڈ میڈ ل جیتا جبکہ مین ٹاپ اسکارڈن پرافیشنسی بینر کا فاتح رہا۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے دفاع جناب پرویز خٹک, سینئر فوجی افسران ، سفیروں ، دوست ممالک کے دفاعی اتاشیوں ،معززین ِشہر، مڈ شپ مین اور کیڈٹس کے والدین اور رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan