لاہور: پاکستان کے سینئیر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ ہم خود کیا کر سکتے ہیں؟ ہم کچھ نہیں کرسکتے، اسی لیے ہمیں اللہ کا زیادہ سے زیادہ شکر ادا کرنا چاہیے۔
باغی ٹی وی : اداکار نعمان اعجاز نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے نوجوانوں کو اللہ پر کامل یقین رکھنے ،اور ہمیشہ اللہ کاشکر ادا کرنے کا مشورہ دیا،انہوں نے بتایا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 36 سال ہوگئے اور آج تک کسی بھی پروڈیوسر یا ہدایت کار نے ان کے پیسے نہیں کھائے۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے وکالت کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انہوں نے کچھ سال تک وکالت کی پریکٹس بھی کی لیکن ان کا رزق شوبز انڈسٹری میں لکھا تھا، اس لیے وہ اداکار ہی بن کر رہ گئے اور اب انہیں اداکاری کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں آتا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ہم میں سے بہت سارے لوگ خدا پر کامل یقین کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن درحقیقت اس پر عمل نہیں کرتے، ہمیں معلوم ہے کہ رازق خدا ہے لیکن اس باوجود ہم انسان کو ہی رازق سمجھ بیٹھتے ہیں اور لوگوں کے آگے پیچھے پھرنے لگتے ہیں،وہ خود کو بہت ہی اللہ والا بندہ نہیں سمجھتے لیکن ان کا یقین ہے کہ ان کے تمام معاملات، ان کی کامیابی اور ان کو اچھے رزق کی فراہمی خدا کی طرف سے ہے۔
نعمان اعجاز کے مطابق وہ باوضو ہوکر کام کرتے ہیں، خدا ان کے شوبز کے کام میں برکت ڈالتے ہیں اور وہ کام لوگوں کو پسند آجاتا ہے، ان کا رزق ایسے ہی چلتا ہے، ان کا کوئی کمال نہیں، سب خدا کا کرم ہے انہوں نے ماضی میں جب بات کی تھی کہ وہ باوضو ہوکر اداکاری کرتے ہیں تو لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا، ان کے بیان پر میمز بنائی گئیں ان کے بیان پر مذاق کیا گیا کہ اداکار باوضو ہوکر نامحرم عورتوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ والد انہیں ہدایت کرتے تھے کہ اگر کوئی بھی کام کرنے نکلو تو گھر سے باوضو ہوکر نکلو تو خدا اس میں برکت ڈالتے ہیں، اسی غرض سے ہی وہ باوضو ہوکر اداکاری کرتے ہیں اور خدا ان کے کام میں برکت ڈالتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ یہ سچ ہے ہمیں ہر چیز اللہ سے ملتی ہے، ہم یہ سب نعمتیں کیسے حاصل کرسکتے ہیں، ہم خود کیا کر سکتے ہیں؟ ہم کچھ نہیں کرسکتے، اسی لیے ہمیں اللہ کا زیادہ سے زیادہ شکر ادا کرنا چاہیے،میں یہ باتیں آپ سب کو متاثر کرنے کیلئے نہیں کر رہا ہے لیکن یہ ہی حقیقت ہے کہ ہمارا ایمان مضبوط ہونا چاہیے۔
اداکار نے کہا کہ میں ہمیشہ نوجوانوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ خود پر یقین رکھنا سیکھیں اور ہمیشہ اللہ سے امیدیں رکھیں، آج جو کچھ مجھے کامیابی ملی ہے اس کیلئے میں نے بہت انتظار کیا ہے، میں نے بہت جدوجہد کی ہے، لوگ میری باتوں کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن میں ان پر دھیان نہیں دیتا، خود پر یقین رکھیں اور اپنے کام پر توجہ دیں ، ہمیشہ اللہ کا شکر ادا کریں، ناکامی کے بعد اللہ پر الزام نہ لگائیں،خالق آپ کے بارے میں برا نہیں سوچ سکتا، اللہ پر اپنا توکل مضبوط کریں۔