پاکستان میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری خشک اور سرد موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خوش آئند پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بارشوں اور برفباری کے دو مختلف اسپیلز کی اطلاع دے دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 15 دسمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور خشک موسم کا تسلسل ٹوٹنے کی امید ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران مری، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر بارش بھی ہو سکتی ہے۔ مری میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے تاہم شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کا کہنا ہے کہ اگرچہ بالائی علاقوں میں موسم کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئے گی، تاہم جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مکین زیادہ بارش کی امید نہ رکھیں۔ ان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں زیادہ سے زیادہ بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ نمایاں بارش کا امکان کم ہے۔بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے شمالی و مغربی علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 19 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کے امکانات پیدا ہوں گے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں دن کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہو سکتی ہے، جس کے باعث سردی کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم لباس کا استعمال کریں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں،ماہرین موسمیات کے مطابق یہ بارشیں نہ صرف موسم کو خوشگوار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ فضائی آلودگی اور اسموگ میں کمی کا بھی باعث بن سکتی ہیں، تاہم سرد علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔







