قصور
خشک میوہ جات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ،سرکاری نرخ نامہ آج دن تک جاری نا ہو سکا،دکانداروں کی من مانیاں،صوبائی و ضلعی انتظامیہ سے نوٹس کی اپیل
تفصیلات کے مطابق قصور شہر میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے
جس کے باعث خشک میوہ جات عوام کی پہنچ سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں
موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی دکانداروں نے من مانے ریٹ مقرر کر لیے ہیں جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ خشک میوہ جات کھانے سے محروم ہوچکا ہے
شہر بھر کی دکانوں پر انجیر 2800 سے 3500 روپے فی کلو، گری بادام 2500 سے 4500 روپے فی کلو، پستہ 3500 سے 4500 روپے فی کلو جبکہ کاجو 4000 سے 5000 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں
صد افسوس کہ گورنمنٹ نے آج دن تک خشک میوہ جات کا سرکاری نرخ نامہ جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے دکانداروں نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں اور کسی جگہ بھی سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہیں کیا گیا ہے
عوام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی نے ناجائز منافع خوروں کے حوصلے مزید بلند کردیے ہیں
خشک میوہ جات عام شہریوں کے لیے قوت بخش غذا کے بجائے اب ایک خواب بن گئے ہیں
شہریوں نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سرکاری نرخ نامے جاری کئے جائیں اور دیگر اشیاء کی طرح چیکنگ کے نظام کو سخت کیا جائے اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے








