خضدار میں صمند لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہوگئے ہیں
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی،جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے.
بلوچستان لیویز فورس کے چار جوانوں کی نماز جنازہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے سبزہ زار میں ادا
صمند چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ میں شیہد ہونے والے بلوچستان لیویز فورس کے چار جوانوں کی نماز جنازہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے سبزہ زار میں ادا کردی گئی جنازہ نماز میں کمشنرقلات ڈویژن جہانزیب خان کاکڑ ڈی آئی جی پولیس قلات رینج عبدالحمید کھوسہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسراقبال دشتی کے علاوہ اعلی عسکری و سرکاری حکام ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ضلع خضدار کے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،نماز جنازہ میںسیاسی سماجی وقبائلی افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے شہید جوانوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا پولیس لیویز کے چاک چوبند دستوں نے شہداء کو سلامی دی۔